میرپور( کشمیر ڈیجیٹل)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرسابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نےآزادکشمیر میں عید کے بعد عوامی رابطہ شروع کرنے کااعلان کردیا۔
سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے گزشتہ روز ڈڈیال کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی میرپور ڈویژن کے سینئر نائب صدر راجہ کامران کے والد راجہ رشید کے انتقال پر اہل خانہ سے دلی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
سردار عبد القیوم نیازی نے مفتی عبد الواحد کے انتقال پر بھی ان کے گھر جا کر افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر میرپور ڈویژن راجہ آفتاب اکرم سمیت دیگر عہدیدار ان کے ہمراہ تھے۔
سابق وزیر اعظم نے مرکزی سیکرٹریٹ ڈڈیال کا بھی دورہ کیا اور پارٹی عہدیداران و کارکنان سے ملاقات کی۔
پارٹی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے سردار قیوم نیازی نے کہا کہ کارکنان آئندہ الیکشن کی بھرپور تیاریاں شروع کریں ، پی ٹی آئی بھرپور انداز میں الیکشن میں اترے گی اور بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کریگی۔
عید کے بعد ریاست گیر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے ۔ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں ، پارٹی ڈسپلن کو سختی سے اپنائیں ۔ ڈڈیال پی ٹی آئی کا گڑھ ہے ، انشا اللہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کامیابی حاصل کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو مسئلہ کشمیر کو جرات کیساتھ عالمی سطح پر اٹھا سکتے ہیں۔ عمران خان کشمیریوں کی امیدوں کا محور ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری عمران خان کی رہائی کیلئے بھرپور آواز بلند کریں ، عمران خان کی رہائی سے ہی کشمیریوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت ہوش کے ناخن لے، ریاست کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل نہ کرے، قیوم نیازی