سی ڈی 70

اٹلس ہونڈا کمپنی نے نئی سی ڈی 70 متعارف کرا دی

اٹلس ہونڈا نے پاکستان کی مقبول ترین موٹرسائیکل سی ڈی 70 کو نئے اسٹیکرز اور گرافکس کیساتھ متعارف کرا دیا ہے، تاہم اس بار بھی کمپنی نے موٹرسائیکل کے انجن، فیچرز اور تکنیکی خصوصیات میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

کمپنی کی نئی تشہیری مہم میں سی ڈی 70 کو تین مختلف اسٹیکر ڈیزائنز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد موٹرسائیکل کی ظاہری شکل کو زیادہ جدید اور دلکش بنانا ہے۔ کمپنی کے مطابق نئی موٹرسائیکل میں صرف کاسمیٹک تبدیلیاں کی گئی ہیں، جبکہ اس کا مکینیکل پلیٹ فارم اور کارکردگی پہلے کی طرح برقرار رکھی گئی ہے۔

انجن اور کارکردگی میں کوئی تبدیلی نہیں:

نئے ماڈل میں بدستور 4 اسٹروک، او ایچ سی، ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے، جس کے ساتھ 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش گیئر باکس موجود ہے۔ اسی طرح کِک اسٹارٹ سسٹم، 8.5 لیٹر فیول ٹینک اور ایک لیٹر ریزرو فیول کی گنجائش بھی برقرار رکھی گئی ہے۔

کمپنی نے رفتار، فیول ایوریج، سسپنشن، بریکنگ سسٹم یا دیگر تکنیکی حصوں میں کسی قسم کی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا۔

قیمت سے متعلق تاحال کوئی اعلان نہیں:

اٹلس ہونڈا کی سرکاری ویب سائٹ پر اس وقت سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار روپے درج ہے، تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ نئے گرافکس والے ماڈل کی قیمت موجودہ سطح پر برقرار رہے گی یا اس میں اضافہ کیا جائے گا۔

صارفین کی تنقید ایک بار پھر سامنے آگئی:

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی صرف اسٹیکرز اور گرافکس تبدیل کیے جانے پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ کمپنی کئی برسوں سے بنیادی طور پر صرف ظاہری ڈیزائن میں معمولی تبدیلیاں کر رہی ہے جبکہ انجن، سیفٹی فیچرز، بریکنگ سسٹم، سسپنشن اور دیگر جدید سہولیات میں خاطر خواہ بہتری نہیں لائی جا رہی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمت 1 لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر

بہت سے صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ نئی نسل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹرسائیکل میں ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، الائے ویلز، بہتر بریکنگ سسٹم، جدید میٹر اور دیگر جدید فیچرز شامل کیے جائیں۔

پاکستان کی سب سے مقبول موٹرسائیکل:

سی ڈی 70 کئی دہائیوں سے پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی موٹرسائیکلوں میں شمار ہوتی ہے۔ کم ایندھن خرچ، آسان مرمت، پرزہ جات کی دستیابی اور بہتر ری سیل ویلیو نے اسے طلبہ، ملازمین، چھوٹے کاروباری افراد اور عام صارفین کی پہلی ترجیح بنا رکھا ہے۔

اگرچہ مارکیٹ میں موجود کئی حریف کمپنیاں اپنی موٹرسائیکلوں میں ڈسک بریک، ڈیجیٹل میٹر، ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، بہتر سسپنشن اور جدید ڈیزائن جیسے فیچرز متعارف کرا چکی ہیں، تاہم سی ڈی 70 اپنی مضبوط ساکھ، کم آپریٹنگ لاگت اور وسیع ڈیلر نیٹ ورک کی بدولت اب بھی مارکیٹ میں نمایاں مقام برقرار رکھے ہوئے ہے۔

کمپنی کا سی ڈی 70 کے ڈیزائن پر اعتماد:

صنعتی ماہرین کے مطابق اٹلس ہونڈا کی نئی حکمت عملی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی اب بھی سی ڈی 70 کے آزمودہ مکینیکل ڈیزائن پر اعتماد رکھتی ہے۔ تاہم صارفین کی ایک بڑی تعداد اب صرف نئے اسٹیکرز کے بجائے حقیقی تکنیکی جدت اور جدید فیچرز کی منتظر ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب پاکستانی موٹرسائیکل مارکیٹ میں مقابلہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے۔