عطاء تارڑ

عوامی خدمت مسلم لیگ ن کا نصب العین ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی مسلم لیگ ن کا نصب العین ہے اور پارٹی کے ہر دور میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو ترجیح دی گئی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں دانش سکول سمیت متعدد بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے حقوق کیلئے قومی اور بین الاقوامی فورمز پر آواز بلند کی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے دن رات محنت کی، گھر گھر جا کر ووٹرز سے رابطے کیے اور انتخابی مہم کو کامیابی سے آگے بڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ووٹرز کو متحرک کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خدمت اور تعمیر و ترقی کی سیاست مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہی ہیں : عطاء تارڑ

ان کے مطابق محمد نواز شریف کے دور میں آزاد کشمیر میں نمایاں ترقیاتی کام ہوئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی متعدد میگا منصوبوں کا آغاز کیا۔

مہاجر نشستوں پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہاں آباد کشمیریوں کے آباؤ اجداد نے کشمیر کاز کیلئے قربانیاں دی ہیں، اس لیے وہ احترام کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کیلئے آواز اٹھائی۔ ان کے مطابق نواز شریف نے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر کشمیریوں کے حق میں مؤثر انداز میں بات کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران کشمیری عوام کے مسائل اجاگر کیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست ہر جماعت کا حق ہے، تاہم مخالف جماعتوں کو بھی عوام کے سامنے اپنا منشور پیش کرنا چاہیے اور یہ بتانا چاہیے کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں کون سے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد صرف دعوؤں سے نہیں بلکہ عملی خدمت سے حاصل ہوتا ہے اور ن لیگ تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کے میدان میں اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی فنڈنگ لیکرکالعدم ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کونقصان پہنچارہی ہے ،عطاء اللہ تارڑ

عطاء اللہ تارڑ نے اُمید ظاہر کی کہ مہاجرین کی نشستوں سمیت آزاد کشمیر کی دیگر نشستوں پر بھی مسلم لیگ ن کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے انتخابی مہم میں حصہ لینے والے کارکنوں کی محنت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔