پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا سب سے سخت حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کیخلاف بولنگ کرنا ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہا۔
کرکٹ جریدے وزڈن کو دئیے گئے انٹرویو میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی ایسے بلے باز ہیں جو مشکل حالات میں بھی غیرمعمولی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق کوہلی نہ صرف دباؤ کا بھرپور مقابلہ کرتے ہیں بلکہ میچ کو کامیابی سے اختتام تک پہنچانے کی غیرمعمولی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ جدید دور کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔
سابق پاکستانی پیسر نے آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اور آل راؤنڈر شین واٹسن کا نام بھی ان بیٹرز میں شامل کیا جن کیخلاف بولنگ کرنا آسان نہیں تھا، تاہم انہوں نے ویرات کوہلی کو اپنی فہرست میں سرفہرست رکھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکا پریمیئر لیگ : پاکستان کے 2 نئے اسٹار کرکٹرز کی انٹری، شاہین آفریدی دستبردار
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ماضی میں ویرات کوہلی نے بھی ایک انٹرویو کے دوران محمد عامر کو اپنے کیریئر کے مشکل ترین بولرز میں شمار کیا تھا، جس سے دونوں کھلاڑیوں کی ایک دوسرے کی صلاحیتوں کے اعتراف کی عکاسی ہوتی ہے۔
محمد عامر اور ویرات کوہلی کئی اہم بین الاقوامی مقابلوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل سمیت عامر نے دو مواقع پر کوہلی کو ابتدائی مرحلے میں پویلین بھیجا ۔
دوسری جانب بھارتی بیٹر نے بھی پاکستان کے خلاف کئی یادگار اور فیصلہ کن اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی اور بھارتی خواتین کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا
واضح رہے کہ محمد عامر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔




