عاصم منیر

ایرانی وزیر خارجہ کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ترک ہم منصب سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں علاقائی صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکی اقدامات کے باعث پیدا ہونے والے خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عباس عراقچی نے امریکی ممکنہ فوجی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور موجودہ صورتحال پر مشاورت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جنتر منتر نئی دہلی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے چرچے، بھارتی طلبا کے بیان نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان نے سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں کیں۔

پاکستان نے فریقین کے درمیان جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی رابطے کیے، جس کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی پر پیشرفت ہوئی۔

بعد ازاں ایران اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے، جن میں خطے میں امن، کشیدگی میں کمی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

پاکستانی قیادت کا مؤقف رہا کہ خطے کے مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:علاقائی کشیدگی: فیلڈ مارشل عاصم منیر عالمی سطح پر امن کے سفیر بن کر سامنے آئے، ایران انٹرنیشنل کی خصوصی رپورٹ

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر علاقائی امن و استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔