خواجہ آصف

میں نے کبھی نہیں کہا راولاکوٹ کے لوگ کشمیری نہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے راولاکوٹ کے عوام سے متعلق اپنے متنازع بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ راولاکوٹ کے لوگ کشمیری نہیں ہیں۔

سیالکوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی پاکستان کے حق میں نعرے بلند کیے جا رہے ہیں، اس لیے ان سے منسوب کیا جانے والا بیان درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ کے عوام کے بارے میں ان کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت مہاجرین کی مخصوص نشستوں کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے اور انہیں کسی صورت ختم نہیں ہونے دیا جائیگا۔

ان کا کہنا ہے کہ مہاجرین آزاد کشمیر کے حقیقی وارث ہیں اور ان کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔خواجہ آصف نے ایکشن کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کے باوجود بعض عناصر نے کشیدگی کی راہ اختیار کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایکشن کمیٹی میں شامل کچھ افراد مشکوک سرگرمیوں اور بیرونی فنڈنگ سے منسلک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ آئندہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خواجہ آصف کشمیریوں کی توہین پر معافی مانگیں، سردار یعقوب، سردار حسن ابراہیم

وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ کے حالیہ بیان کے حوالے سے کہا کہ محسن نقوی نے ملکی نظام کی خامیوں کی نشاندہی کی ہے اور وہ ذاتی طور پر ان کی بات سے بڑی حد تک اتفاق کرتے ہیں۔

ان کے مطابق ملک کا نظام کئی دہائیوں سے ذاتی مفادات کے زیراثر رہا ہے اور اب اسے حقیقی معنوں میں آزاد اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نظام میں بنیادی اصلاحات کا مناسب فورم پارلیمنٹ اور وفاقی کابینہ ہیں، جہاں اس معاملے پر آئینی طریقہ کار کے تحت غور کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے ادارے مزید مضبوط ہوں گے اور اصلاحات بھی آئینی دائرے میں رہ کر ممکن ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ محسن نقوی کابینہ کے رکن ہونے کے باوجود پارلیمنٹ اور کابینہ کے اجلاسوں میں کم ہی شریک ہوتے ہیں ۔

وہ گزشتہ ساڑھے 3 برس سے اہم سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔ اگر وہ چاہتے تو نظام میں بہتری کیلئےعملی اقدامات پہلے ہی کیے جا سکتے تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی پاکستان اور آزادکشمیر کے تاریخی رشتے کو چیلنج کر رہی ہے : خواجہ آصف

وزیر دفاع نے آخر میں کہا کہ اگر واقعی نظام میں تبدیلی مطلوب ہے تو اسکا آغاز اپنی وزارت سے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے صرف تاجر برادری ہی نہیں بلکہ پوری قوم بھی مثبت اصلاحات کی حمایت کرے گی۔