لاہور(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران پانچ بھارتی ایجنٹو کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف شہروں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی، تخریب کاری اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کا خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال کو مستحکم بنانا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سان ڈیاگو:امریکی ایف 35بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ،تحقیقات شروع
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’راء‘‘ کے 5 مبینہ ایجنٹس بھی شامل ہیں، جن سے دورانِ تفتیش اہم شواہد اور معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد، مختلف اقسام کا اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد کیا گیا، جسے مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبہ بھر میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر کارروائیاں جاری رہیں۔
اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں مختلف علاقوں کی تلاشی، مشتبہ افراد کی جانچ پڑتال اور حساس مقامات کی نگرانی شامل تھی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی،5 خوارج ہلاک،میجر احسان الٰہی شہید
حکام نے بتایا کہ ان کومبنگ آپریشنز کے دوران ایک ہزار 193 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جن سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔۔
جبکہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف انسداد دہشت گردی سمیت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گ۔
جبکہ عوام سے بھی مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دینے کی اپیل کی گئی ہے۔




