شمالی وزیرستان(کشمیر ڈیجیٹل)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا
سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں پانچ خوارج واصل جہنم ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے: فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34سالہ میجر حافظ احسان الٰہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید میجر ایک بہادر افسر اور اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج ہماری ریڈلائن،شہداء کی عزت ذمہ داری ہے،بلاول بھٹو
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ بھارتی حمایت یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے، بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔




