آمنہ نعمان

فیڈرل بورڈ میٹرک امتحانات، آمنہ نعمان کی پاکستان بھر میں دوسری پوزیشن

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آرمی پبلک سکول اینڈ کالج مظفرآباد کی ہونہار طالبہ آمنہ نعمان نے فیڈرل بورڈ کے میٹرک امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1,088 نمبر حاصل کرکے پاکستان بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

آمنہ نعمان کی یہ نمایاں کامیابی مظفرآباد سمیت آزادکشمیر بھر کے لیے ایک بڑا تعلیمی اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے صدارتی منصب کے لیے ڈاکٹر نجیب نقی خان کی نامزدگی: خطے کی تعمیر اور نمائندگی کا نیا باب

آمنہ نعمان نے اپنی محنت، لگن، قابلیت اور مسلسل تعلیمی جدوجہد کے ذریعے قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا، جس پر ان کے والدین، اساتذہ اور آرمی پبلک سکول اینڈ کالج مظفرآباد کی انتظامیہ نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔

ان کی کامیابی نے نہ صرف ادارے کا نام روشن کیا بلکہ آزاد کشمیر کے تعلیمی میدان میں بھی ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔

آمنہ نعمان کی شاندار کامیابی کے اعزاز میں اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران وفاقی وزیرِ تعلیم نے آمنہ نعمان کو فیڈرل بورڈ کی پوزیشن ہولڈر طالبہ کی حیثیت سے اعزاز اور انعام سے نوازا۔

اس موقع پر آمنہ نعمان کی تعلیمی کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے آزادکشمیر کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا گیا۔

والدین اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ آمنہ نعمان کی کامیابی مسلسل محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر سے انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کی ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

تعلیمی حلقوں نے بھی آمنہ نعمان کو قومی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔