پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے: فیلڈ مارشل

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ اور چینی سفارتخانے کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے، جہاں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل سید عامر رضا نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ سنبھال لیا، فیلڈ مارشل سے بھی ملاقات

پی ایل اے کو یومِ تاسیس پر مبارکباد اور خدمات کو خراجِ تحسین:

تقریب کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے، جبکہ پاک چین دوستی بدلتے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج اور پی ایل اے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔

چینی سفیر کا اظہارِ تشکر اور دوطرفہ تعاون کا عزم:

پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اظہارِ تشکر کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔

شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور دو طرفہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔