نیلم ویلی:سردار تنویر الیاس کا پاورشو ، سینکڑوں افراد آئی پی پی میں شامل

نیلم(کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر کی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر سردار تنویر الیاس انتخابی مہم کے سلسلے میں حلقہ نیلم ون پہنچ گئے ۔

سردار تنویر الیا س خان نے نیلم ویلی میں مختلف عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز سے خطاب کیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنان اور شخصیات نے اپنے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

سردار تنویر الیاس نے نئے شامل ہونے والے کارکنان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بڑھتی ہوئی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ مثبت، باوقار اور عوام دوست سیاست کے خواہاں ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا انسانی بنیادوں پر 16 ہزار افغان شہریوں کے قیام میں توسیع کا فیصلہ

انتخابی مہم کے دوران کارکنان اور مقامی عوام نے سردار تنویر الیاس کا چلہانہ سے جناوی تک شاندار استقبال کیا۔ جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے، کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، نعرے بازی کی اور قافلے کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

سردار تنویر الیاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ حلقہ 25 نیلم ون کی تعمیر و ترقی، روزگار، سیاحت، بنیادی سہولیات اور عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اہم ملاقات، سیاسی کشیدگی میں کمی کا امکان

انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھتے ہوئے عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں.

دوسری جانب پارٹی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ مختلف علاقوں میں عوام کی بڑی تعداد کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت سے انتخابی مہم کو مزید تقویت ملی ہے اور کارکنان بھرپور جوش و خروش کے ساتھ انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔