حکومت کی4 سالہ حج پالیسی پیش ، حج پیکج 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان ہوگا: سردار محمد یوسف

اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے 4 سال پر محیط طویل المدتی نئی حج پالیسی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پہلی بار 4 سالہ حج پالیسی پیش کی جا رہی ہے، جو حج کے مجموعی انتظامات میں بنیادی اور دیرپا اصلاحات کا باقاعدہ آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی رہنمائی اور دلچسپی کا واضح مظہر ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ٹیکنالوجی، جدید سہولیات اور مکمل شفافیت کے ساتھ ایک جامع اور قابل عمل پالیسی مرتب کی گئی ہے۔ 4 سالہ پالیسی کے نفاذ سے حج انتظامات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جائے گا، جبکہ اس پالیسی کی بدولت پہلی بار عازمینِ حج کے لیے رجسٹریشن اور ویٹنگ لسٹ کی جدید سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

کوٹہ، شفافیت اور ادائیگی کا طریقہ کار:

سردار محمد یوسف نے حج پالیسی کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کے درمیان کوٹہ بالترتیب 60 فیصد اور 40 فیصد پر برقرار رہے گا، جبکہ تمام تر نگرانی اور ریگولیشن کے فرائض وزارت مذہبی امور ہی انجام دے گی۔ نئی پالیسی کے تحت صرف 10 فیصد رقم کی ابتدائی ادائیگی پر ہی عازمین کی درخواستیں قبول کی جائیں گی اور انہیں فہرست میں شامل کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2027ء کی رجسٹریشن جاری، خواہشمند افراد کو فوری پاسپورٹ بنوانے کی ہدایت

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں جگہ تمام تر ضروری خریداری اور انتظامات مکمل شفاف طریقے سے کیے جائیں گے، جبکہ تمام درکار واجبات کی ادائیگی کے بعد جو اضافی رقم بچے گی، وہ عازمینِ حج کو شفاف انداز میں واپس کی جائے گی۔

نجی حج کمپنیاں، حجاج محافظ اسکیم اور حج پیکج:

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ نجی حج کمپنیوں کی نگرانی اور رجسٹریشن اب فقط کوٹے کی بنیاد پر نہیں ہوگی بلکہ ان کی کارکردگی کو بنیادی معیار بنایا جائے گا۔ عازمینِ حج کی شکایات کے فوری ازالے اور سہولت کے لیے ایک مؤثر ڈیجیٹل نظام اور اپیل کا طریقہ کار لایا جا رہا ہے، جبکہ عازمین کی تربیت کو بھی پہلے سے کہیں زیادہ جامع اور مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ “حجاج محافظ اسکیم” کو حسبِ سابق برقرار رکھا جائے گا۔ نئی حج پالیسی 2027 تا 2030 سعودی وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھ کر ترتیب دی گئی ہے جو کہ حج انتظامات کے میدان میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ ہمارا مقصد صرف محض انتظامات کرنا نہیں بلکہ عازمین کو ایک باوقار اور آرام دہ سفر فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متوقع حج پیکج اندازاً 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان ہوگا، جبکہ اس طے شدہ کوٹہ میں کسی بھی قسم کا اضافہ یا کمی کرنے کا اختیار صرف وفاقی کابینہ کے پاس ہی موجود ہے، جس نے حج کوٹے کا فیصلہ کیا ہے۔