میرپور ڈویژن انتخابات، میدان سج گیا،13حلقوں میں آج پولنگ ، سخت سکیوٹی انتظامات

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج پیر کو 27 جولائی کو میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوگی، جہاں مجموعی طور پر 288 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سےپولنگ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور عملہ پولنگ سٹیشن پر پہنچ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن کے انتخابات ملتوی ہونے کا نوٹیفکیشن جعلی، ووٹرز افواہوں پر کان نہ دھریں، الیکشن کمیشن

اعداد و شمار کے مطابق ضلع میرپور کے حلقہ ایل اے 1ڈڈیال میں 20 امیدوار مدمقابل ہیں اور یہاں مقابلہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چوہدری اظہر صادق اور پیپلزپارٹی کے چوہدری افسرشاہد کے مابین ہے۔

حلقہ ایل اے 2 چکسواری و اسلام گڑھ سے 24 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں ،یہاں پیپلزپارٹی کے چوہدری قاسم مجید، مسلم لیگ(ن) کے عظیم بخش اور آزاد امیدوار ظفرانور کے مابین مقابلہ ہے۔

حلقہ ایل اے 3 میرپور سٹی میں سب سے بڑا مقابلہ متوقع ہے، جہاں 34 امیدوار میدان میں ہیں اور یہاں سابق صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود مرحوم کے بیٹے چوہدری یاسر سلطان،ن لیگ کےامیدوار چوہدری محمد سعید مدمقابل ہیں جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے فرزندچوہدری معیز مجید آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں۔

حلقہ ایل اے 4 کھڑی شریف سے 20 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں جن میں پیپلزپارٹی کا ٹکٹ پر چوہدری صہیب ارشد پہلی بار قسمت آزما رہے ہیں جبکہ سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار ن لیگ کے امیدوار ہیں۔

ضلع بھمبر میں حلقہ ایل اے 5 برنالہ سے 18 امیدوار ہیںاور یہاں سابق وزیر داخلہ کرنل(ر) وقار احمد نور اور سابق وزیر حکومت چوہدری پرویزاشرف میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ ایل اے 6 سماہنی سے 17 امیدوار مدمقابل ہیں،علی شان سونی استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ اور چوہدری رزق ن لیگ کے ٹکٹ پر مدمقابل ہیں۔

حلقہ ایل اے 7 بھمبر تین سے 28 امیدوار مد مقابل ہیںجہاں سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری طارق فاروق مدمقابل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا فوری ایکشن، دونوں پریزائیڈنگ افسران گرفتار

ضلع کوٹلی میں حلقہ ایل اے 8 راج محل سے 19 امیدوار، حلقہ ایل اے 10 کوٹلی سٹی سے 29 امیدوار، حلقہ ایل اے 11 سہنسہ سے 24 امیدوار، حلقہ ایل اے 12 چڑہوئی سے 15 امیدوار اور حلقہ ایل اے 13 کھوئی رٹہ سے 27 امیدوار انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 9 فتح پور تھکیالہ میں سب سے کم 12 امیدوار میدان میں ہیں، جس کے باعث یہ حلقہ کم ترین امیدواروں والا حلقہ قرار پایا ہے۔