میاں صاحب! کشمور ہو یا کشمیر، عوام اپنے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے، بلاول

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن ) نے کے قائد میاں نواز شریف کو جواب دیتےہوئے کہاکہ کشمور ہو یا کشمیر ہو ان دونوں شہروں کے عوام اپنے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمور ہو یا کشمیر، عوام کے حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت پر کسی بھی قسم کا سیاسی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہر خطے کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن کے انتخابات ملتوی ہونے کا نوٹیفکیشن جعلی، ووٹرز افواہوں پر کان نہ دھریں، الیکشن کمیشن

بلاول بھٹو نے اپنے ویڈیو پیغام میں مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر، کشمور، میرپور اور میرپور خاص صرف ناموں میں ہی نہیں بلکہ اپنے سیاسی مزاج میں بھی مماثلت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے شہر یا صوبے کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ کسی علاقے کے عوام کے سیاسی فیصلوں یا حقِ حکمرانی پر اثرانداز ہو۔

انہوں نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ حالیہ سیاسی بیانات سے ایسا تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جیسے بعض علاقوں کے فیصلے کہیں اور سے طے ہوں، تاہم عوام ایسی سوچ کو مسترد کر دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں کشمیر اور کشمور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ کے ذریعے مسترد کیا تھا۔ ان کے بقول، میرپور خاص کی طرح میرپور کے عوام بھی آئندہ انتخابات میں ‘تیر’ کے نشان پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر اور کشمور کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں اور وہ اپنا سیاسی اختیار کسی دوسرے شہر یا صوبے کے سپرد نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا فوری ایکشن، دونوں پریزائیڈنگ افسران گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے انتخابات میں بھی عوام اپنی رائے آزادانہ طور پر دیں گے اور یہی جمہوریت کا بنیادی اصول ہے۔

بلاول بھٹو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آزاد کشمیر میں پیر سے مرحلہ وار الیکشن کا انعقاد شروع ہونے جا رہا ہے، اس سے قبل میرپور میں ایک جلسہ کے دوران میاں نواز شریف نے نام لیے بغیر پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کی تھی۔