وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ترقی، خوشحالی اوراستحکام کیلئےموجودہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا انتخاب کریں گے اور پارٹی آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی سمیٹے گی۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی صلاحیت، تجربے اور کامیاب کارکردگی رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت کو بہترین ترقیاتی دور کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی، ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اب ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا، اُڑان پاکستان قومی تعمیرِ نو کا جامع مشن ہے، احسن اقبال
احسن اقبال نے کہا کہ آج پنجاب حکومت کی کارکردگی پورے ملک کیلئے ایک مثال بن چکی ہے اور ہر صوبہ پنجاب جیسی ترقی اور عوامی سہولیات کا خواہشمند ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا کہ کشمیر، سندھ کےعوام بھی ترقیاتی منصوبوں کا فرق واضح طور پر دیکھ رہے ہیں جبکہ پنجاب میں ترقی اور بہتر گورننس کی مثال سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف پشاور ماڈل، دوسری طرف کراچی ماڈل اور تیسری جانب لاہور کا ترقیاتی ماڈل موجود ہے اور کوئی بھی باشعور شہری کراچی یا پشاور طرز کی ترقی نہیں چاہے گا، کراچی اور پشاور کے عوام بھی لاہور جیسے ترقیاتی ماڈل کے خواہاں ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیری کشمیر کو کراچی نہیں لاہور جیسا دیکھتا چاہتے ، احسن اقبال
اُنہوں نے اِس اُمید کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیکر ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔




