وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سال 2035 تک اپنی معیشت کا حجم ایک کھرب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف پر پوری طرح کاربند ہے اور ملک معاشی بحالی، قومی استحکام سمیت سفارتی کامیابیوں کے اہم ترین مراحل عبور کر کے اب ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
ہیوسٹن کی رائس یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ معاشی پروگرام اڑان پاکستان دراصل قومی تعمیرِ نو کا ایک جامع مشن ہے۔ اس مشن کے ذریعے ملک میں دیرپا ترقی، مسلسل اصلاحات اور طویل المدتی پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر سے مہاجرین کی نمائندگی کسی صورت ختم نہیں کی جاسکتی : احسن اقبال
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کا خصوصی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن ملکی بصیرت، یکجہتی اور ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت تھا، جس کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازع میں پاکستان کا کردار ہمیشہ واضح رہا ہے اور ہم کشیدگی بڑھانے کے بجائے ہمیشہ مذاکرات اور سفارتی حل کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں: سالانہ ترقیاتی پروگرام ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے153ارب مختص کئے جائیں گے، احسن اقبال
دورے کے دوران وفاقی وزیرِ نے ابنِ سینا فاؤنڈیشن کے چیئرمین نصرالدین روپانی سے بھی ایک اہم ملاقات کی، جس میں زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال، بچوں میں غذائی قلت کے خاتمے اور صحت کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔




