شاہین آفریدی

لنکا پریمیئر لیگ ،شاہین آفریدی دوران میچ ڈراپ، اینٹی کرپشن یونٹ آفیشل سے شکایت

لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آ گئی۔ اس بار پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ پیش آنے والے ایک غیر معمولی واقعے نے لیگ کی انتظامی صلاحیت پر سوالات کھڑے کر دئیے۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی میچ کے دوران ڈراپ کیے جانے پر شدید ناراض ہوئے، اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشل کو شکایت بھی درج کرائی اور وطن واپس جانے کا فیصلہ کر لیا، تاہم بعد ازاں فرنچائز اور لیگ انتظامیہ کی معذرت کے بعد وہ رک گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی ایل کا آغاز ہی تنازعات سے ہوا تھا۔ ایونٹ شروع ہونے سے قبل جافنا کنگز کے بھارتی مالک منجوت کارلا کو سری لنکا کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے مبینہ میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا، جس کے بعد لیگ منتظمین نے ٹیم کے حقوق واپس لے لیے اور اب اس کے انتظامی معاملات سری لنکا کرکٹ دیکھ رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب کینڈی رائلز کی ٹیم مینجمنٹ نے کولمبو کیپس کے خلاف میچ سے قبل شاہین آفریدی کو بتایا کہ وہ “امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتریں گے۔
اس قانون کے تحت، جو پہلے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں متعارف کرایا گیا تھا، ایک ٹیم میچ کے دوران نامزد کھلاڑی کو کسی دوسرے کھلاڑی کی جگہ بیٹنگ یا بولنگ کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پہلا ٹیسٹ ،ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنالیے

 تاہم کینڈی رائلز کی بیٹنگ کے دوران کوچ نے شاہین آفریدی کو آگاہ کیا کہ ٹیم کے اینالسٹ کی غلطی کے باعث ان کا نام امپیکٹ پلیئر کے طور پر ٹیم شیٹ میں شامل ہی نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ میچ کا حصہ نہیں بن سکتے تھے۔
اس غیر متوقع صورتحال پر شاہین نے حیرت اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشل کے نوٹس میں بھی لایا۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی نے فوری طور پر پاکستان واپس جانے کا فیصلہ کر لیا تھا، تاہم میچ ریفری، ٹیم مینجمنٹ اور لیگ منتظمین نے ان سے رابطہ کیا، غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی اور انہیں ایونٹ میں رہنے پر آمادہ کر لیا۔
دوسری جانب ایل پی ایل کے ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ریفری کو غلط ٹیم شیٹ جمع کرائے جانے کے باعث پیش آیا تھا اور اس میں کسی بدنیتی کا عنصر شامل نہیں تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سلیکشن کمیٹی کا شاہین آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ سے چھٹی دینے کا فیصلہ

یاد رہے کہ رواں ایونٹ میں پاکستان کے محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر، عاکف جاوید اور امپائر آصف یعقوب بھی شریک ہیں۔