پاکستان

پہلا ٹیسٹ ،ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنالیے

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے کے پہلے روز میزبان ٹیم نے محتاط اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم دن کے آغاز میں بارش کے باعث کھیل متاثر ہوا اور پہلے سیشن میں صرف 14.1 اوورز ہی کروائے جا سکے۔

بارش سے متاثرہ ابتدائی سیشن میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنز بنائے۔ اوپنر برینڈن کنگ 12 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد موسم بہتر ہونے پر کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کپتان کریگ بریتھ ویٹ کی جگہ کھیلنے والے چندر پال اور ہوج نے دوسری وکٹ کیلئے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ چندر پال 21 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ،5ون ڈے میچز کا شیڈول جاری

تیسری وکٹ پر عامر جنگو نے ہوج کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 42 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم وہ بھی 21 رنز بنا کر محمد عباس کا دوسرا شکار بن گئے۔

اس کے بعد شائی ہوپ نے کریکلے ہوج کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

دن کے اختتام پر ہوج 83 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، جبکہ شائی ہوپ 39 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں چوتھی وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں مضبوط پوزیشن حاصل کر لی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سپینش فٹبالر کے لمبے بالوں کے پیچھے دل کو چھو لینے والی محبت سامنے آگئی

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عامر جمال کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ اس میچ میں پاکستان کے 33 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔