نوجوانوں کیلئے روشن مستقبل کی امید: ’’پختون ڈیجیٹل‘‘ نیٹ ورک کا افتتاح،گورنر سمیت اہم شخصیات کی مبارکباد

پشاور(کشمیر ڈیجیٹل)پختون ڈیجیٹل کے قیام کی افتتاحی تقریب پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، صحافی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میںسینیٹر فدا محمد، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میاں افتخار حسین، اے این پی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر سردار حسین بابک، پشاور پریس کلب کے سابق صدر ارشد عزیز ملک سمیت دیگر سیاسی و صحافتی شخصیات موجود تھیں۔

سینیٹر فدا محمد
سینیٹر فدا محمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اور اپنی ٹیم کی جانب سے پوری پختون قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم پختون قوم کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے بنایا گیا ہے اور اس کی کامیابی کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ پختون ڈیجیٹل ہر جگہ پہنچے اور زیادہ سے زیادہ پختون نوجوانوں کو فائدہ پہنچائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پختون نوجوانوں کے مستقبل کے لیے اپنا وقت، سرمایہ اور توانائی صرف کر رہے ہیں تاکہ انہیں بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا خواب تھا، جو اب حقیقت میں بدل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیت خالص ہو تو اللہ ہر کام میں برکت ڈالتا ہے اور یہ پلیٹ فارم پختون نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔

نوجوانوں کے لیے اپنے پیغام میں سینیٹر فدا محمد نے کہا کہ پختون ڈیجیٹل نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور ان کے مسائل کو اجاگر کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پختون قوم کے نام سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنایا گیا ہے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں اور ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھا سکیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پختون ڈیجیٹل کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم خیبر پختونخوا کی آواز بنے گا اور پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کے مثبت پہلوؤں کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جیسے ماضی میں پشاور کو پھولوں کا شہر اور خیبر پختونخوا کو قدرتی خوبصورتی کے لیے جانا جاتا تھا، اسی طرح پختون ڈیجیٹل صوبے کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔

ارشد عزیز ملک۔ سابق صدر پشاور پریس کلب
پشاور پریس کلب کے سابق صدر ارشد عزیز ملک نے بھی پختون ڈیجیٹل کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم جہاں عوام کی آواز بنے گا، وہیں صحافیوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

ارباب عالمگیر، پاکستان پیپلز پارٹی
پیپلز پارٹی کے رہنما ارباب عالمگیر نے خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کمی طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی۔ انہوں نے پختون ڈیجیٹل کے آغاز پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم صوبے کے مسائل کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

سینئر صحافی شمیم شاہد نے بھی پختون ڈیجیٹل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ پختون ڈیجیٹل خیبر پختونخوا میں میڈیا کے میدان میں ایک نیا اور مثبت اضافہ ثابت ہوگا، جو نہ صرف عوامی مسائل کو اجاگر کرے گا بلکہ صوبے کی ثقافت، تاریخ اور ترقیاتی منصوبوں کو بھی نمایاں کرے گا۔
پہلے عشرے میں مسجد الحرام میں اڑھائی کروڑ نمازیوں ، زائرین کی آمد

Scroll to Top