گلگت بلتستان قومی اسمبلی، سینیٹ میں نمائندگی دی جائے، وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری طور پر پاکستان کا آئینی صوبہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوامبھی قومی اسمبلی، سینیٹ اور قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) سمیت تمام قومی اداروں میں مؤثر اور آئینی نمائندگی چاہتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابات کے حوالے سے افواہوں کو غلط ثابت کرنا ہوگا،چیف الیکشن کمشنر

امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے آئینی مستقبل کے حوالے سے ان کی جماعت کا مؤقف واضح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مستقل صوبائی حیثیت کی بات نہیں کر رہی کیونکہ گلگت بلتستان مسئلہ کشمیر کا حصہ ہے اور استصواب رائے کے حق کو بھی برقرار رکھنا ضروری ہے

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق عبوری آئینی انتظام کے ذریعے عوام کو بنیادی آئینی حقوق فراہم کئے جا سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام سے حق ملکیت، حق حاکمیت اور حق روزگار کے وعدے کیے تھے، اب حکومت ملنے کے بعد ان وعدوں پر عملدرآمد کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح حق ملکیت سے متعلق قانون پر مکمل عملدرآمد، گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا حصول، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، توانائی کے بحران پر قابو پانا اور سیاحت کے فروغ کے ذریعے مقامی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔

ایڈووکیٹ امجد حسین نے کہا کہ حالیہ انتخابی کامیابی صرف انتخابی مہم کا نتیجہ نہیں بلکہ گزشتہ 5 سے 6 برس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کئی سال قبل گلگت بلتستان کے لیے حق ملکیت، حق حاکمیت اور حق روزگار کا بیانیہ دیا جس پر پارٹی مسلسل عوام کے درمیان کام کرتی رہی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا، الیکشن کمیشن کا واضح انتباہ

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں حکومت نہ ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی نے اسمبلی میں موجود اپنی نشستوں کی بنیاد پر لینڈ ریفارمز متعارف کرائیں تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کے زمینوں سے متعلق دیرینہ مطالبات پورے کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی اور اسی مستقل جدوجہد کے باعث عوام نے انہیں دوبارہ اعتماد دیا۔

وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا کہ عوام نے انہیں حقِ ملکیت سے متعلق قانون پر عملدرآمد کے لیے ووٹ دیا ہے اس لیے حکومت کی پہلی ذمہ داری یہی ہوگی کہ اس قانون کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے اور عوام کو ان کی زمینوں کا قانونی مالک بنایا جائے۔