چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیرجسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مستونگ، بلوچستان، عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان اور جج سپریم کورٹ جسٹس خالد یوسف چوہدری نے بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مستونگ، بلوچستان عبدالحکیم کاکڑاور ان کے گن مین محمد زمان کی دہشتگرد حملے میں شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں معزز چیف جسٹس و ججز صاحبان نے کہا کہ عبدالحکیم کاکڑ ایک دیانتدار، باصلاحیت اور فرض شناس جوڈیشل افسر تھے جنہوں نے قانون کی بالادستی، آئین کی سربلندی اور انصاف کی فراہمی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کی عدلیہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مستونگ میں گاڑی پر فائرنگ سے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور سیکیورٹی گارڈ شہید
معزز چیف جسٹس و ججز صاحبان نے عبدالحکیم کاکڑ اور محمد زمان کے درجات کی بلندی، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے اس مشکل گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ، بلوچستان کی عدلیہ اور پوری قانونی برادری سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔




