دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر اور مسٹر بیسٹ کے نام سے مشہور جمی ڈونلڈسن نے اپنی دیرینہ دوست تھییا بوئسن سے شادی کر لی ہے۔
اس خوشخبری کا اعلان انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شادی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے کیا۔
تصویروں کے ساتھ جمی ڈونلڈسن نے لکھا کہ میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا اور یہ میری زندگی کا سب سے بہترین دن تھا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبرعرفان ظفرکا کالعدم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
تصاویر میں دونوں کو سمندر کے کنارے خوشگوار انداز میں پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس اعلان کے سامنے آتے ہی دنیا بھر سے ان کے کروڑوں مداحوں نے انہیں مبارکباد دینا شروع کر دی۔
شادی کی یہ تقریب جولائی کے مہینے میں برٹش ورجن آئی لینڈز میں واقع رچرڈ برینسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد کی گئی۔
اس تقریب کو کافی حد تک اپنوں تک ہی محدود رکھا گیا تھا جس میں صرف 70 کے قریب رشتہ داروں اور خاص دوستوں کو بلایا گیا تھا۔
شادی سے پہلے آئے ہوئے مہمانوں کے لیے جزیرے پر گھومنے پھرنے اور کھیل کود کا خاص انتظام کیا گیا تھا جن میں کائٹ سرفنگ، سنورکلنگ، بورڈ گیمز اور دیگر تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔
شادی کے موقع پر تھییا بوئسن نے معروف ڈیزائنر نیکول + فیلیشیا کوچر کا تیار کردہ خوبصورت عروسی لباس پہنا، جبکہ مسٹر بیسٹ نے رالف لارین کا ٹکسڈو زیب تن کیا۔
شادی کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تھییا بوئسن نے کہا کہ یہ سننے میں شاید معمولی بات لگے لیکن یہ صرف ایک رسمی کارروائی ہے۔
جب سے ہماری بات چیت شروع ہوئی تھی، ہمارا مقصد ایک دوسرے کے ساتھ شادی کرنا ہی تھا۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اب پوری دنیا کو معلوم ہو گیا ہے کہ ہم میاں بیوی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:معروف یوٹیوبر رجب بٹ نئی مشکل میں پھنس گئے
مسٹر بیسٹ اپنی بڑے پیمانے کی چیلنج ویڈیوز، فلاحی کاموں اور کروڑوں ڈالر کے انعامات دینے کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔
ان کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور دیگر مواد تخلیق کرنے والوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جبکہ شادی کی تصاویر کو لاکھوں لوگوں نے پسند کیا۔
تھیا بوئسن کون ہیں؟
تھیا بوئسن جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی کانٹینٹ کریئیٹر ہیں، جو آن لائن تھیا بیسٹی کے نام سے جانی جاتی ہیں۔
انہوں نے 2016 میں گیم سٹریمنگ کا آغاز کیا اور دی وِچر 3 اور گوینٹ سمیت مختلف ویڈیو گیمز پر مواد تخلیق کیا۔ بعد ازاں وہ ٹوئچ سٹریمر، ای سپورٹس مبصر اور گیمنگ کانٹینٹ کریئیٹر کے طور پر بھی معروف ہوئیں۔گیمنگ کے ساتھ ساتھ انہوں نے تعلیم پر بھی توجہ دی۔
انہوں نے جنوبی افریقہ کی سٹیلن بوش یونیورسٹی سے قانون اور نفسیات کی تعلیم حاصل کی، جبکہ بعد میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے ہیومن کاگنیٹو نیورو سائیکالوجی میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔
تھیا بوئسن لکھاری بھی ہیں۔ ان کا پہلا ناول دی مارکڈ چلڈرن 2022 میں شائع ہوا، جس کے ذریعے انہوں نے فکشن نویسی کے میدان میں بھی قدم رکھا۔




