بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی قیادت میں ہونے والے طلبا کے احتجاج کی حمایت میں سامنے آگئے۔
ایکس پر جاری بیان میں سلمان خان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت پُرامن تحریک تھی لیکن یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ یہ پرتشدد رخ اختیار کرگئی، جن طلبا اور ان کے اہلخانہ کو اس دوران نقصان پہنچا، ان کے لیے میرا دل دکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:طلبہ کی بہادری کو سراہتا ہوں، نصیرالدین شاہ ،بالی ووڈ شخصیات کی مودی پر تنقید
سلمان خان کا کہنا تھا کہ پیپر لیک کا معاملہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہمارے ملک کے طلبا ایک بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہو کر سامنے آئے ہیں، اس سے بھی زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ان کے والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
سلمان خان نےکہا کہ میں طلبا کے مؤقف اور جدوجہد کو دل سے سراہتا ہوں، انہوں نے اپنی لگن، خلوص اور محنت سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دل لگا کر پڑھنا چاہتے ہیں، اپنا مستقبل روشن بنانا چاہتے ہیں اور ایک زیادہ تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج اور یہ تحریک بالکل درست سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے اور طلبا نے اسے نہایت پُرامن انداز میں آگے بڑھایا۔ ان کی ہمت، بہادری، عزم اور تعلیم کے لیے جذبہ واقعی قابل تعریف ہے۔ مجھے یقین ہےکہ یہی نسل مستقبل میں بھارت کا نام روشن کرے گی۔
سلمان خان نے لکھا کہ یہ معاملہ طلبا اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے، اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ اس کامیابی کا اصل سہرا صرف ہمارے ملک کے طلبا کے سر جاتا ہے۔
مجھے یقین ہےکہ حکومت بھی ان کی بھرپور حمایت کرےگی اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانےکے لیے ضروری اقدامات کرےگی، اس طرح سب کے لیے فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی نوجوانوں کی تحریک زور پکڑنے لگی، بیرون ممالک میں بھی مودی سرکار کیخلاف احتجاج
انہوں نے کہا کہ میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ اس معاملےکا مثبت حل نکلے، خدا ان تمام طلبا کو کامیاب کرے جو علم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان خان ماضی میں بی جے پی اور نریندرمودی کے بڑے سپورٹررہے ہیں۔




