مریم نواز کے اعلان پر فوری عملدرآمد،15کلینک آن ویلز آزاد کشمیر روانہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے آزاد کشمیر میں صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے ’کلینک آن ویلز‘ منصوبے کی 15 موبائل طبی گاڑیاں ادویات، طبی آلات اور میڈیکل اسٹاف سمیت روانہ کردی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ان موبائل کلینکس کو روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر یہ اقدام آزاد کشمیر کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی مظفرآباد تقریر پر پیپلز پارٹی کا شدید ردعمل،ستھرا پنجاب محض ایک فراڈ ہے، ندیم افضل چن

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صحت کی سہولیات کا دائرہ پنجاب سے آگے بڑھاتے ہوئے دیگر علاقوں تک بھی پھیلایا جا رہا ہے۔

ان کے بقول مریم نواز صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ کشمیر اور پورے پاکستان کے عوام کی خدمت کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام کی ضروریات اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صحت کی سہولیات کی رسائی کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کلینک آن ویلز‘ منصوبہ بالخصوص دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو علاج معالجے کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موبائل کلینکس ضروری طبی آلات سے لیس ہیں، جبکہ ہر گاڑی کے ساتھ ڈاکٹرز، ٹیکنیشنز اور دیگر طبی عملہ بھی موجود ہوتا ہے تاکہ مریضوں کو موقع پر ہی طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق پنجاب حکومت نے یہ منصوبہ ان دیہی علاقوں کے لیے متعارف کرایا تھا جہاں ہسپتالوں تک رسائی مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز،نوازشریف کا جلسہ گاہ میں انتظار کرنیوالے چچا کو2کروڑ دینے کا اعلان

یہ موبائل کلینکس ڈسپنسری کی طرز پر مریضوں کو ادویات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف طبی ٹیسٹوں کے لیے نمونے بھی حاصل کرتے ہیں، جنہیں بعد ازاں لیبارٹری تجزیے کے لیے بھیجا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ وعدہ کیا تھا جو آج پورا کردیا گیا ہے۔