مریم نواز کی مظفرآباد تقریر پر پیپلز پارٹی کا شدید ردعمل: ‘ستھرا پنجاب محض ایک فراڈ ہے’، ندیم افضل چن

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مظفرآباد میں کی گئی تقریر اور پاکستان پیپلز پارٹی پر لگائے گئے الزامات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ن لیگ کی صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نااہلی اور کرپشن نے پنجاب کو ڈبو دیا ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ آج پنجاب کی ابتر حالت چیخ چیخ کر بتا رہی ہے کہ ‘ستھرا پنجاب’ محض ایک نعرہ تھا جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ ایک دن کی بارش نے حکومت کی تمام تر نام نہاد ترقی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں ن لیگ کا بڑا سیاسی پاور شو: نواز شریف اور مریم نواز کامحترمہ نورین عارف کوخراجِ تحسین

“گوجرانوالہ اور لیہ میں سیوریج کا پانی سڑکوں پر، اربوں کے اشتہارات فراڈ ہیں”:

پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے گوجرانوالہ اور لیہ کی صورتحال کو انتہائی قابلِ رحم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بارش کے بعد گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں اور سیوریج کا گندا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے۔ اربوں روپے کے اشتہارات اور بڑے بڑے دعوے کیے گئے لیکن حقیقت میں ‘ستھرا پنجاب’ ایک فراڈ ثابت ہوا۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت کرپشن کے نئے ریکارڈ بنا رہی ہے، ترقیاتی فنڈز کی لوٹ مار اور کمیشن کا نظام عروج پر پہنچ چکا ہے جبکہ عوام بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا آزاد کشمیر کے لیے تاریخی پیکیج: 5 ہزار لیپ ٹاپس، 10 الیکٹرک بسیں اور 15 کلینکس آن ویلز دینے کا اعلان