وادیِ لیپہ میں بڑا سیاسی الٹ پھیر: ریٹائرڈ پرنسپل سید ممتاز حسین بخاری کا ن لیگ کے چوہدری محمد رشید کی حمایت کا اعلان

وادیِ لیپہ (آزاد کشمیر): آزاد کشمیر کے آنے والے عام انتخابات سے قبل وادیِ لیپہ کے سیاسی منظر نامے میں ایک انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حلقے کی معروف علمی، سیاسی اور سماجی شخصیت ریٹائرڈ پرنسپل سید ممتاز حسین بخاری نے سابق وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی سے اپنی برسوں پرانی سیاسی رفاقت ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

سید ممتاز حسین بخاری نے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے 7، چوہدری محمد رشید کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے انتخابی قافلے میں شمولیت اختیار کر لی، جہاں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا گرمجوشی سے پرُجوش خیرمقدم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر اسمبلی الیکشن2026کے شیڈول میں ترمیم ، الیکشن کمیشن کا اعلان

عوامی مفاد میں فیصلہ کیا، چوہدری محمد رشید کو کامیاب کروائیں گے: سید ممتاز حسین بخاری

مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور حمایت کے موقع پر میڈیا اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ پرنسپل سید ممتاز حسین بخاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے موجودہ سیاسی حالات، علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں چوہدری محمد رشید کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے لیے اپنا بھرپور اور فعال کردار ادا کریں گے۔

سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے اس پیش رفت کو حلقہ ایل اے 7 وادیِ لیپہ کی انتخابی مہم میں مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک بڑی کامیابی اور انتخابی گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مظفرآباد میں ن لیگ کا بڑا سیاسی پاور شو: نواز شریف اور مریم نواز کامحترمہ نورین عارف کوخراجِ تحسین