سردار یعقوب خان کا الیکشن کے التواء کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال

مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)سابق صدر اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے چیف الیکشن کمشنر کوریاست میں امن و امان کی شدید اور بگڑتی ہوئی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے ایک خط ارسال کردیا ۔

خط میں سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان نے مطالبہ کیا ہے کہ آزادکشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش 27جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کو ملتوی کئے جائیں ۔

سردار محمد یعقوب خان نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں حالیہ ناخوشگوار واقعات اور جانی و مالی نقصان کے باعث موجودہ ماحول میں پرامن، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چوہدری یٰسین کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ،انٹرنیٹ فوری بحالی کا مطالبہ

خط میں الیکشن کمیشن کو اس کی آئینی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 50(7) اور الیکشنز ایکٹ 2020 کے سیکشن 53 کے تحت یہ الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف اور محفوظ ماحول کو یقینی بنائے اور ہنگامی صورتحال میں انتخابات کو ملتوی کرنے کے اپنے اختیارات کا استعمال کرے۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ جمہوری انتخابات کا مقصد صرف کسی طے شدہ تاریخ پر عمل درآمد کرنا نہیں ہوتا، بلکہ عوام کو خوف کے بغیر ایک آزاد اور پرامن ماحول میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

سردار محمد یعقوب خان نے خط کے ذریعے الیکشن کمیشن سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن پورے آزاد کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال کا فوری اور جامع جائزہ لے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر عام انتخابات 2026: الیکشن شیڈول میں ترمیم، 3 مراحل میں پولنگ کا نیا شیڈول جاری

سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے 27 جولائی کو پرامن انتخابات کے انعقاد سے متعلق تفصیلی رپورٹس حاصل کی جائیں۔زمینی حقائق کو سمجھنے کے لیے تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہنگامی مشاورت کی جائے۔

سابق وزیراعظم نے زور دیا کہ 27 جولائی 2026 کے عام انتخابات کو ایک مناسب اور معقول مدت کے لیے اس وقت تک ملتوی کیا جائے، جب تک حالات اتنے سازگار نہیں ہو جاتے کہ انتخابات پرامن، آزادانہ اور شفاف انداز میں منعقد ہو سکیں۔