بلاول بھٹو

آزاد کشمیر الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی سب سے مضبوط جماعت ہے ، بلاول بھٹو

کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی سب سے مضبوط جماعت بن کر ابھرے گی اور کوٹلی کی تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب بھی وہ کوٹلی آتے ہیں تو انہیں اپنے گھر جیسا ماحول ملتا ہے کیونکہ کوٹلی کے عوام اور پیپلز پارٹی کا رشتہ محض سیاسی نہیں بلکہ تین نسلوں پر محیط خاندانی رشتہ ہے جو قربانی اور عوامی خدمت پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن جیت کر عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال اور انٹرنیٹ و فون سروس کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کچھ لوگوں کے جرائم کی سزا تمام کشمیریوں کو نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر راولاکوٹ میں مسئلہ ہے تو کوٹلی میں فون کیوں بند ہے؟ ۔انہوں نے واضح کیا کہ سیاستدانوں کا اصل کام عوام کی آواز بننا ہے، الیکشن جیت کرعوام کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چند افراد کی غلطی کی سزا پوری کشمیری عوام کو نہیں دی جا سکتی، بلاول بھٹو

انہوں نے پارٹی کارکنوں، جیالوں سے اپیل کی کہ وہ مکمل اتحاد اور جذبے کے ساتھ انتخابی میدان میں نکلیں اور پارٹی اُمیدواروں ملک ظفر اور مطلوب انقلابی کے بیٹے کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کے لیے ٹکٹ صرف ان رہنماؤں اور کارکنوں کو دیے گئے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں بھی پارٹی سے وفاداری نبھائی۔ اس موقع پر انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی جلاوطنی کے دور کا ذکر کرتے ہوئے چودھری یاسین کی دیرینہ وفاداری کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب کے آخر میں عزم دہرایا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ چھ ماہ سے آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ رہ کر عوام کی خدمت کر رہی ہے اور وہ پچھلے انتخابات سے بھی بہتر نتائج کیلئے پُراُمید ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر کے لیے ‘ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن’ بنانے کا بڑا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کی بھرپور وکالت کی ہے اور آئندہ بھی کشمیریوں کی آواز بن کر دنیا بھر میں انکا مقدمہ لڑتی رہے گی۔