کالعدم ایکشن

مظفرآباد کے شہریوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی کال کو ایک بار پھر مسترد کر دیا

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے شہریوں اور تاجر برادری نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال اور احتجاج کی کال کو ایک بار پھر مکمل طور پر مسترد کر دیا ۔

شہریوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں احتجاجی ہڑتالوں سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ کاروبار تعلیمی سرگرمیاں اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے سے سب سے زیادہ نقصان عام عوام کوہو رہا ہے ۔

دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے موجودہ ملکی اور علاقائی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار کی احتجاجی ہڑتالوں اور پہیہ جام کی کالز سے عام شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کی ہڑتالوں پر عوامی تشویش، آزاد کشمیر میں ٹورازم انڈسٹری کو کروڑوں کا نقصان

شہریوں کا مؤقف ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ جاتی ہے بلکہ غریب اور دیہاڑی دار طبقہ شدید معاشی بحران کا شکار ہو جاتا ہے۔

مقامی شہریوں اور کاروباری حلقوں کا کہنا تھا کہ ہڑتالوں کے باعث تجارتی مراکز کی بندش، تعلیمی سرگرمیوں میں تعطل اور آمد و رفت متاثر ہونے سے سب سے زیادہ نقصان کسی اور کا نہیں بلکہ صرف عام عوام اور طلبہ کا ہو رہا ہے۔

انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ اب شہر کے لوگ کسی بھی ایسی کال کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے امن و امان خراب ہو یا غریب کا چولہا ٹھنڈا ہو۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یوٹیوبرعرفان ظفرکا کالعدم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان

دارالحکومت کے باسیوں نے واضح کیا کہ وہ شہر میں اَمن، ترقی اور تعلیمی و تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کو ترجیح دیتے ہیں اور ہڑتالی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔