محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے آزادکشمیر،خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا الرٹ جاری کردیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ہے۔
خیبرپختونخوا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 19سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی سمیت مختلف میدانی اضلاع میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، جبکہ سوات اور ایبٹ آباد میں بھی شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں مطلع ابر آلود؛ محکمہ موسمیات نے ملک کے متعدد اضلاع میں بارش کی نوید سنا دی
آزاد کشمیر میں 18 سے 25 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 19 سے 23 جولائی جبکہ پنجاب میں 20 سے 24 جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں 18 سے 25 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں 19 سے 23 جولائی جبکہ تھرپارکر میں 20 سے 24 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اورطغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہری پور میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق تربیلاڈیم میں پانی کی سطح 1505.11 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔




