محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ البتہ ملک کے بیشتر دیگر اضلاع میں شدید گرمی اور مرطوب حبس کا سلسلہ برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ بعد از دوپہر اور شام یا رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی توقع ہے۔ بدھ کی رات اور جمعرات کے روز کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی و شمال مشرقی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔ اس وقت بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمالی علاقوں پر موجود ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں موسم کی صورتحال:
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے علاقے سید پور میں 8 اور گولڑہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں؛ وزیراعظم شہباز شریف کا این ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کا حکم
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں بدھ کی رات مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش کا امکان 35 فیصد ہے۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں موسم گرم اور شدید حبس زدہ رہنے کی توقع ہے، تاہم شام یا رات کے اوقات میں 30 فیصد امکان کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب میں موسم کی صورتحال:
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ شام یا رات کے اوقات میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے علاقے کاکول میں 8، مالم جبہ میں 3 جبکہ دیر اور پاراچنار میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا، لیکن شام یا رات کے وقت مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بادل برس سکتے ہیں۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 63 ملی میٹر، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 16 جبکہ مری اور اوکاڑہ میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
سندھ، بلوچستان اور درجہ حرارت کے اعداد و شمار:
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم رہے گا، تاہم سندھ کے وسطی و بالائی اضلاع میں شدید حبس رہے گا جبکہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، بدین، ٹھٹہ، سانگھڑ، دادو اور کراچی میں شام یا رات میں بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے علاقوں آواران، خضدار، قلات، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور کوہلو میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ژوب اور خضدار میں 5 جبکہ بارکھان میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں: آزادکشمیر: تیز ہواؤں،گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
درجہ حرارت کے لحاظ سے گزشتہ روز ملک کا گرم ترین علاقہ نوکنڈی رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سبی اور دالبندین میں 45، دادو میں 43 اور بھکر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔




