مبشر منیر

حلقہ 4 ،مبشر منیر اعوان کا تگڑا وار، درجنوں مخالفین پیپلز پارٹی کے قافلے میں شامل

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے حلقہ 4 میں انتخابی دنگل سجنے سے قبل ہی سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدوار برائے قانون ساز اسمبلی مبشر منیر اعوان نے انتخابی مہم کے دوران مخالف کیمپوں میں کھلبلی مچا دی اور اپنے سیاسی حریفوں کو ایک بڑا سرپرائز دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ 4 مظفرآباد میں سیاسی ہلچل اس وقت مزید تیز ہو گئی جب مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے درجنوں سرگرم کارکنان اور اہم مقامی شخصیات نے اپنی سابقہ جماعتوں سے دیرینہ وابستگی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ان افراد نے ایک پروقار تقریب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا اور مبشر منیر اعوان کے سیاسی قافلے میں شامل ہو گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گاؤں پشی گجراں کا مبشر منیر اعوان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار

پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالے نئے رہنماؤں اور کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ مبشر منیر اعوان کی عوامی خدمات، وژن، حلقے کی ترقی کیلئے انکے عزم سے بے حد متاثر ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لیں گے بلکہ حلقہ 4 سے پی پی کی تاریخی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کام کریں گے۔

اس موقع پر نئے شامل ہونے والے کارکنان نے مبشر منیر اعوان کے حق میں خوب نعرے بازی بھی کی۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس وقت حلقہ 4 مظفرآباد میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان انتہائی سخت اور کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

تاہم، ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی حالیہ بڑی شمولیت نے پیپلز پارٹی کے اُمیدوار مبشر منیر اعوان کی پوزیشن کو مزید مستحکم اور مضبوط بنا دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی مضبوط قوت کے طور پر ابھرے گی، مبشر منیر اعوان

اس سیاسی پیش رفت نے مخالف اُمیدواروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے اور حلقے کا سیاسی پلڑا اب پیپلز پارٹی کے حق میں جھکتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔