پاکستانی نژاد تین مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہونے والے نامور برطانوی سیاستدان صادق خان کو تاحیات ’لارڈ‘ بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
یہ اہم اعلان برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر کی جانب سے ہاؤس آف لارڈز کے نئے نامزد اراکین کی فہرست جاری کیے جانے کے بعد سامنے آیا، جس میں صادق خان کا نام بھی نمایاں طور پر شامل ہے۔
شاہ چارلس کی جانب سے منظوری کی خواہش کا اظہار:
برطانوی وزیر اعظم کے سرکاری دفتر’ڈاؤننگ اسٹریٹ‘ کے مطابق برطانوی فرمانروا شاہ چارلس سوم نے ان نئی نامزد شخصیات کو لارڈ شپ کا اعزاز دینے کی منظوری دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ شاہی منظوری کے بعد صادق خان باقاعدہ طور پر ہاؤس آف لارڈز کے رکن بن جائینگے اور تاحیات لارڈ کا خطاب استعمال کر سکیں گے۔
ہاؤس آف لارڈز کی اہمیت:
واضح رہے کہ برطانوی پارلیمان کا ایوانِ بالا یعنی ‘ہاؤس آف لارڈز’ دنیا کے قدیم ترین اور سب سے بڑے قانون ساز ایوانوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس وقت اس ایوان کے کل اراکین کی تعداد 774 ہے، جہاں ملک کے ممتاز ترین اور معزز شہریوں کو ان کی نمایاں عوامی خدمات کے اعتراف میں تاحیات رکنیت سے نوازا جاتا ہے۔
صادق خان کا سیاسی سفر:
صادق خان کا شمار برطانیہ کے مقبول ترین اور بااثر ترین مسلم سیاست دانوں میں ہوتا ہے۔ وہ مسلسل تین بار لندن کے میئر منتخب ہو کر تاریخ رقم کر چکے ہیں اور اس تاحیات اعزاز کو ان کی طویل اور بے مثال عوامی و سیاسی خدمات کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی نژاد برطانوی میئر لندن صادق خان کو “سر” کا خطاب مل گیا




