پی ٹی اے

پی ٹی اے کی جانب سے 4موبائل کمپنیوں پر74 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی مرضی اور اجازت کے بغیر شناختی کارڈز پر سمیں جاری کرنے کی سنگین خلاف ورزی پر ملک کی چاروں بڑی موبائل آپریٹرز کیخلاف سخت ترین قانونی ایکشن لیتے ہوئے مجموعی طور پر 74 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی سموں کے اجرا اور صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ملک کی چاروں فعال موبائل کمپنیوں پر مجموعی طور پر 74 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

یہ کارروائی شہریوں کی اجازت کے بغیر ان کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز (CNICs) پر سمیں جاری کرنے اور بائیو میٹرک تصدیقی نظام کی سنگین خلاف ورزیوں پر عمل میں لائی گئی اور کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ فرنچائزز کی سطح پر ہو نیوالی کسی بھی غفلت کی براہِ راست ذمہ دار خود موبائل کمپنیاں ہوں گی۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلوں میں واضح کیا گیا ہے کہ سموں کے اجرا کے حساس عمل میں سنگین بے ضابطگیاں پائی گئیں، جن کی براہِ راست ذمہ دار موبائل کمپنیاں ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موبائل آپریٹرز اپنے ریٹیلرز، فرنچائزز اور بائیو میٹرک تصدیقی نظام (BVS) کی موثر اور فول پروف نگرانی کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروسز بحال کر دی گئی، پی ٹی اے کی تصدیق

اعلامیے میں دوٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ فرنچائز یا ریٹیلر کی سطح پر ہونے والی کسی بھی خلاف ورزی کی تمام تر قانونی ذمہ داری اب سے متعلقہ موبائل کمپنی پر ہی عائد ہوگی۔

پی ٹی اے نے غیر قانونی سموں کے اجرا کو قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی غفلت شناختی چوری (Identity Theft)، سنگین سائبر فراڈز اور بڑے پیمانے پر مالیاتی جرائم کا باعث بن رہی ہے۔

اس طرح کے سکیورٹی نقائص جرائم پیشہ عناصر کو سہولت فراہم کرتے ہیں، جن کا سدباب ناگزیر ہو چکا ہے۔

ریگولیٹر نے چاروں موبائل آپریٹرز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ جرمانے کی یہ خطیر رقم مقررہ آئینی مدت کے اندر سرکاری خزانے میں جمع کروائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ٹی اے کی موبائل فون صارفین کو تصدیق شدہ ڈیوائسز خریدنے کی ہدایت جاری

واضح رہے کہ پی ٹی اے نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کمپنیوں کی جانب سے مقررہ وقت میں جرمانے کی ادائیگی نہیں کی گئی تو ان کیخلاف ٹیلی کام قوانین کے تحت مزید سخت قانونی کارروائی، بشمول لائسنس کی معطلی یا دیگر تادیبی اقدامات، عمل میں لائی جائے گی۔