وادیِ نیلم: سکول جانے والے بچوں کی گاڑی دریا میں جا گری، 4 بچے جاں بحق، 5 زخمی

وادیِ نیلم میں ایک انتہائی دردناک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سکول جانے والے معصوم بچوں کی گاڑی بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جا گری۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں 4 بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 5 بچے شدید زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ وادیِ نیلم کے علاقے نگدر کناری کے قریب اس وقت پیش آیا جب بچے روزمرہ کی طرح گاڑی میں سوار ہو کر اپنے سکول جا رہے تھے۔ گاڑی اچانک سنتولن کھو کر گہری کھائی سے ہوتی ہوئی تیز بہاؤ والے دریائے نیلم میں جا گری۔

یہ بھی پڑھیں: ہری پور: خوفناک ٹریفک حادثہ، آئل ٹینکر نے گاڑیوں کو کچل دیا، 4 دوست جاں بحق

ریسکیو آپریشن اور لاشوں کی منتقلی:

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور مقامی پولیس فوری طور پر حادثے کی جگہ پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے مقامی لوگوں کی مدد سے دریا کے تیز بہاؤ سے بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔

تمام جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشوں اور شدید زخمی بچوں کو فوری طور پر طبی امداد اور ضروری کارروائی کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔