سمیع سادات

سابق افغان آرمی چیف سمیع سادات نے طالبان کی پاکستان میں دہشت گردی کی تصدیق کردی

سابق افغان آرمی چیف جنرل سمیع سادات نے پاکستان میں جاری دہشتگردی کی حالیہ لہر کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں کو افغان طالبان کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے اور اس نیٹ ورک کو بھارت کی جانب سے بھاری مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

افغان طالبان کی دہشت گردوں کو مکمل سرپرستی:
سابق افغان فوجی سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حملے اور تخریب کاری کرنیوالے تمام دہشت گرد عناصر کو افغان طالبان کی کھلی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں، بالخصوص ‘فتنۂ الخوارج’ (کالعدم ٹی ٹی پی) اور ‘فتنۂ الہندوستان’ جیسے گروہوں کو پاکستان کیخلاف کارروائیاں کرنےکیلئے محفوظ پناہ گاہیں اور ہر ممکنہ سہولت کاری فراہم کر رہے ہیں۔

بھارتی فنڈنگ اور افغان طالبان کا گٹھ جوڑ:
جنرل سمیع سادات نے ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کے بھارت کے ساتھ انتہائی قریبی اور مضبوط روابط قائم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ:

“بھارت کی جانب سے افغان طالبان کو بھاری فنڈز اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جو بعد میں براہِ راست پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں تک پہنچائی جاتی ہے۔”

سابق افغان آرمی چیف کے مطابق، بھارت سے ملنے والے یہ مالیاتی فنڈز پاکستان کے اندر سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں اور دہشت گردانہ نیٹ ورک کو فعال رکھنے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

علاقائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ:
دفاعی ماہرین کے مطابق، سابق افغان آرمی چیف کا یہ بیان ان خدشات کو مزید تقویت دیتا ہے جو پاکستان طویل عرصے سے عالمی برادری کے سامنے اٹھاتا رہا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے اور اس تخریب کاری کے تانے بانے سرحد پار بیٹھے سہولت کاروں سے ملتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشت گردی میں استعمال ہو ررہا ہے ِ:ڈی جی آئی ایس پی آر کا انکشاف