آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی انتخابی مہم باقاعدہ تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی جلسوں کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے ان طوفانی دوروں سے انتخابی مہم میں مزید تیزی آئے گی اور سیاسی مخالفین کی پریشانی میں اضافہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی نے انتخابی میدان سجا لیا، بلاول بھٹو کے جلسوں کا شیڈول جاری
بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی جلسوں کا تفصیلی شیڈول اور تیاریاں:
مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے امیدوارِ اسمبلی سردار مختار خان عباسی اور پارٹی رہنما شوکت جاوید نے بلاول بھٹو زرداری کے عوامی جلسوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین سترہ جولائی کو ڈڈیال، انیس جولائی کو کوٹلی، اکیس جولائی کو نکیال، بائیس جولائی کو میرپور جبکہ چوبیس جولائی کو مظفرآباد کے یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے، جس کے لیے تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہیں۔ رہنماؤں کے مطابق آزاد کشمیر کے دیگر انتخابی جلسوں کا شیڈول بھی انتہائی جلد جاری کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا عوامی ایکشن کمیٹی کے آزادکشمیر کی سنگین صورتحال سے متعلق خط کا جواب
سردار مختار خان عباسی نے پُرعزم انداز میں دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی ماضی کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے اور آنے والے انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کر کے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی حکومت بنائے گی۔ دوسری جانب پریس کانفرنس کے دوران شوکت جاوید نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات پر اثرانداز ہونے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے غیور عوام مسلم لیگ (ن) کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں کیونکہ ن لیگ اس وقت محض جھوٹے بیانیے کے سہارے الیکشن لڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔




