نیلم(کشمیر ڈیجیٹل) نیلم میں میں سرکاری اراضی ، خالصہ سرکارر، ایوارڈ یافتہ پر ہر قسم کی تعمیرات اور تجاوزات پر پابندی عائد کردی ۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نیلم اقبال حسن نے سرکاری اراضی، خالصہ سرکار، ایوارڈ شدہ رقبہ اور سڑکوں سے ملحقہ شاملات پر بڑھتے ہوئے مبینہ قبضہ جات، بھرائی اور تعمیرات کی روک تھام کیلئے دفعہ 144 نافذ کردیا۔
جاری کردہ حکم کے مطابق ضلع بھر میں کوئی بھی شخص سرکاری اراضیات، خالصہ سرکار، ایوارڈ شدہ رقبہ یا سڑکوں کے کنارے شاملات پر ناجائز تجاوزات، بھرائی یا تعمیرات نہیں کر سکے گا۔
اسی طرح کسی دوسرے شخص کو بھی ایسی غیر قانونی سرگرمی کے لیے مدد یا ترغیب دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بابائے حریت علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی ، اہم شخصیات کا خراج تحسین پیش
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق سرکاری اور عوامی زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان کے باعث عوامی راستوں، سرکاری املاک اور شہری سہولیات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس لیے ایسے اقدامات کی بروقت روک تھام ضروری قرار دی گئی ہے۔
حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے شخص یا اشخاص کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان (APC) کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکم نامے کی تشہیر مقامی پولیس کے ذریعے منادی کروا کر کی جائے گی، جبکہ اسے سرکاری جریدے میں بھی شائع کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو اس پابندی سے باقاعدہ آگاہی حاصل ہو سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لیپا ویلی : پاک فوج اور کشمیر آرفن ٹرسٹ کے تعاون سے سلائی مشینیں تقسیم
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اقبال حسن کی جانب سے جاری حکم یکم ستمبر 2026 کو دستخط اور مہرِ عدالت کے ساتھ جاری کیا گیا، جو دو ماہ تک نافذ العمل رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کا مقصد سرکاری اراضی کے تحفظ، سڑکوں کے اطراف تجاوزات کی روک تھام اور عوامی مفاد میں قانونی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔




