وارڈ ٹمبی کے معزز خاندان راجہ ثاقب مجید کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شامل

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی یونین کونسل جھنڈگراں، وارڈ ٹمبی سے تعلق رکھنے والے معزز سیاسی گھرانوں کے ایک نمائندہ وفد نے راجہ ثاقب مجید کی قیادت، وژن اور عوامی خدمت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خاندانوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس اہم سیاسی شمولیت کے موقع پر راجہ ثاقب مجید نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے حلقے کی یکساں ترقی اور میرٹ کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

عوامی خدمت کا عزم اور وفد کے مطالبات پر یقین دہانی:

ملاقات کے دوران راجہ ثاقب مجید نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی سیاست کا بنیادی محور صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت، میرٹ، شفافیت اور علاقے کی یکساں ترقی ہے۔ انہوں نے اس پُرعزم ارادے کو دہرایا کہ کھاوڑہ کے ہر فرد کو کسی بھی قسم کے امتیاز کے بغیر ترقی کے مساوی اور بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سماہنی، علی شان سونی کا تگڑا وار، ن لیگی رہنمائوں کا آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان

اس موقع پر وفد کے اراکین نے علاقے میں شفاف طرزِ حکمرانی قائم کرنے، میرٹ کے فروغ، عوامی مسائل کے فوری حل، روایتی ٹھیکداری کلچر کے مکمل خاتمے، سرکاری وسائل کے شفاف استعمال اور سرکاری اداروں میں ملازمین کی حاضری اور جوابدہی کو سو فیصد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ راجہ ثاقب مجید نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ عوام کے اس اعتماد پر پورا اتریں گے اور ان تمام عوامی ترجیحات پر ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے، کیونکہ اب کھاوڑہ میں سیاست کا واحد معیار صرف خدمت، دیانت اور عوامی اعتماد ہوگا۔