پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز کپتان و آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو خیبر پختونخوا چیمپئنز کرکٹ لیگ (کے پی سی ایل) کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ لیگ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب 18 جولائی کو پشاور کرکٹ اسٹیڈیم میں سجائی جائے گی۔
لیگ انتظامیہ کے مطابق اس نئی کرکٹ لیگ کی باضابطہ شروعات کے لیے اس دن افتتاحی تقریب شام 6 بجے شروع ہوگی۔
شاہد آفریدی کی فیملیز اور شائقین کو شرکت کی دعوت:
برانڈ ایمبیسیڈر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد شاہد آفریدی نے خیبر پختونخوا اور خصوصاً پشاور کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اسٹیڈیم آئیں اور نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں صوبے میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور کرکٹ کے گراف کو اوپر لے جانے کے لیے انتہائی معاون ثابت ہوں گی۔
یونس خان اور اسٹار کرکٹرز کی کہکشاں سجنے کو تیار:
اس تقریب کو یادگار بنانے کے لیے لیگ کے کمشنر اور سابق قومی کپتان یونس خان سمیت پاکستان کے کئی موجودہ اور سابق انٹرنیشنل اسٹارز بھی پشاور کرکٹ اسٹیڈیم میں جلوہ گر ہوں گے۔
ٹورنامنٹ شیڈول اور ٹیلنٹ ہنٹ کا اعلان:
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ افتتاحی تقریب کے دوران ہی ٹورنامنٹ کے شیڈول اور باقاعدہ تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں منعقد کیے جانے والے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز اور لیگ کے دیگر مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
عوام اور فیملیز کیلئے مفت انٹری اور خصوصی انتظامات:
میگا ایونٹ کی تقریب میں آنے والے شائقین، بالخصوص فیملیز کی سہولت کے لیے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت یقینی بنانے کے لیے انٹری ٹکٹس بالکل مفت رکھے گئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جسم جدا ہو سکتا ہے، پشتونوں کا وقار کبھی نہیں مرتا،شاہد آفریدی کا شاپور زدران کو خراج عقیدت




