عالمی منڈی کے اثرات؛ پیٹرول اور ڈیزل کے بعد ہوائی جہاز کا ایندھن بھی مہنگا

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں، جہاں پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کے بعد اب ہوائی جہاز کے ایندھن (جیٹ فیول) کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے فضائی سفر کرنے والے مسافروں پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

حکام کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 13 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 251 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ہونے والے مسلسل اضافے کو ہی جیٹ فیول مہنگا ہونے کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

یاد رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی بھاری اضافہ کر دیا ہے۔ نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایندھن کے ان نئے نرخوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے کر دیا گیا ہے اور معاشی ماہرین کے مطابق عالمی تیل مارکیٹ میں جاری اتار چڑھاؤ کے باعث مستقبل میں بھی قیمتوں میں تبدیلی کا امکان برقرار رہ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: مٹی کا تیل بھی مہنگا،پیٹرول پر لیوی 80روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی