مٹی کا تیل بھی مہنگا،پیٹرول پر لیوی 80روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت بھی بڑھا دی ہے جبکہ حکومت نے پیٹرول پر لیوی مزید بڑھانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے بعد پیٹرول پر فی لیٹر لیوی بڑھ کر80روپے ہو گئی ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 13روپے18پیسے،ڈیزل 13روپے 80 پیسےمہنگا

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمت کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا تھا۔

پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد اب مٹی کا تیل بھی مہنگا ہونے سے عوام پر ایندھن کے اخراجات کا مزید بوجھ بڑھ گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یوں تینوں اہم ایندھن مہنگے ہونے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم لیوی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جس کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 9 روپے 64 پیسے اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد پیٹرول پر فی لٹر لیوی 80 روپے مقرر ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی چھوٹ ختم، ایران کا کروڑوں بیرل خام تیل سمندر میں پھنس گیا

اس سے قبل پیٹرول پر 70روپے 36 پیسے فی لیٹر لیوی مقرر تھی۔

ڈیزل پر فی لیٹر 70 روپے 82 پیسے لیوی اور مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر لیوی برقرار ہے۔