حکومت آزاد کشمیر کا محکمہ جنگلات کے 878 عارضی بیلداران کے لیے بڑا فیصلہ، اسامیاں نارمل میزانیے پر منتقل

حکومت آزاد جموں و کشمیر نے محکمہ جنگلات میں ترقیاتی منصوبوں کے تحت برسوں سے عارضی بنیادوں پر خدمات انجام دینے والے 878 بیلداران کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ان کی اسامیوں کو نارمل میزانیے (ریگولر بجٹ) پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ مظفرآباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس انقلابی اقدام سے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی اب مستقل بجٹ سے ممکن ہو سکے گی، جس سے محکمہ جنگلات کے انتظامی و مالی امور میں بھی واضح استحکام آئے گا۔

سیکرٹری جنگلات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ منظوری حکومت آزاد کشمیر کے کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی روشنی میں دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں عارضی بنیادوں پر تعینات 878 بیلداران کی ان اسامیوں کو مالی سال 27-2026 سے نارمل میزانیے پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکومت آزاد کشمیرنے اس مقصد کے لیے 37 کروڑ 91 لاکھ 80 ہزار روپے کی اضافی رقم بھی واگزار کرنے کی منظوری دی ہے تاکہ متعلقہ اسامیوں کے اخراجات نارمل بجٹ سے آسانی سے پورے کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیرانتخابات : الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے لیے وفاق کو خط

مختلف تجدید ڈویژنز میں اسامیوں کی تفصیلی تقسیم:

نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے چاروں اہم تجدید ڈویژنز میں ان 878 اسامیوں کو درج ذیل تفصیلات کے مطابق تقسیم کر کے نارمل میزانیے کا حصہ بنایا گیا ہے:

  • تجدید ڈویژن مظفرآباد: 292 اسامیاں
  • تجدید ڈویژن راولاکوٹ: 248 اسامیاں
  • تجدید ڈویژن کوٹلی: 174 اسامیاں
  • تجدید ڈویژن نیلم ویلی: 164 اسامیاں

ان تمام اضلاع اور تجدید ڈویژنز میں مجموعی طور پر 878 بیلداران کی اسامیاں ریگولر بجٹ کا حصہ بننے سے برسوں سے عارضی طور پر کام کرنے والے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کا دیرینہ معاشی و ملازمت کا تحفظ کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پارٹی آج بھی بانی پی ٹی آئی کے نظریات کے ساتھ کھڑی ہے، غفور احمد فاروقی