وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقے پھلگراں میں ایک جدید ڈیجیٹلائزڈ ہیلتھ سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے، جس کا مقصد ملکی نظامِ صحت کو جدید اور عالمی خطوط پر استوار کرنا ہے۔
افتتاح کے موقع پر میڈیا اور تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ فعال بنیادی مراکزِ صحت (BHUs) کے قیام سے دور دراز اور مقامی آبادی کو علاج معالجے کے لیے شہروں کے چکر کاٹنے سے نجات ملے گی، جس سے نہ صرف ان کے سفری اخراجات کی بڑی بچت ہوگی بلکہ دارالحکومت کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بھی نمایاں حد تک کم ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کابینہ اجلاس، ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی منظوری، وزراء کی کمیٹی تشکیل
عوام کے لیے ایک بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے وفاق وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں معطل یا سست روی کا شکار صحت سہولت پروگرام کی مکمل بحالی کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت عوامی فلاح کے اس منصوبے کو مزید وسیع کر رہی ہے اور شہریوں کو علاج معالجے کی بہترین اور بلا تعطل سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت کارڈ پروگرام کے پینل میں مزید 48 نامور ہسپتالوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کو اپنے قریبی اضلاع میں ہی مفت علاج کی بہتر سہولت میسر آ سکے گی۔




