اسلام آباد:مذہبی تصویر کشی،جیو نیوز بندش کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل نے پیمرا کو لائسنس یافتہ چینل کا کیس پیمرا کے مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹانے کی رائے دیدی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا خط پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس لاہور کو موصول ہوگیاجس میں اسلامی نظریاتی کونسل نے پیمرا کو لائسنس یافتہ چینل کا کیس پیمرا کے مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیو نیوز حساس ڈاکومنٹری معاملہ، پیمرا کا اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع
ذرائع کے مطابق لائسنس یافتہ چینل کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ پیمرا قوانین کے تحت کیا جائے گا۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے معاملے کے مذہبی پہلو پر اپنی سابقہ جامع رہنمائی برقرار رکھتے ہوئے قانونی اور انتظامی فیصلے کو متعلقہ ریگولیٹری ادارے کے سپرد کیا۔یہ دینی اصولوں اور ریاستی قوانین کے درمیان بہترین ادارہ جاتی توازن کی مثال ہے۔
کونسل نے اپنے آئینی و مشاورتی کردار تک خود کو محدود رکھا اور پیمرا کے قانونی اختیار میں مداخلت نہیں کی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاستی ادارے ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔
کیس کو پیمرا کے قواعد و ضوابط کے تحت نمٹانے کی ہدایت دراصل ریگولیٹر کی خودمختاری، قانونی اختیار اور احتسابی ذمہ داری کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔
کونسل کا موقف کسی فوری یا جذباتی فیصلے کے بجائے باقاعدہ قانونی عمل، شواہد، سماعت اور متعلقہ ضوابط کے مطابق فیصلہ کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ یہ اصولی، منصفانہ اور پائیدار طرزِ عمل ہے۔
یہ خط ایک مثبت مثال قائم کرتا ہے کہ مذہبی حساسیت سے متعلق معاملات میں دینی رہنمائی اسلامی نظریاتی کونسل دے، جبکہ لائسنس، ضابطہ اخلاق اور قانونی کارروائی کا فیصلہ متعلقہ ریگولیٹر کرے۔ اس سے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (PEMRA) نے 28 جون 2026 کو جیو نیوز کا نشریاتی لائسنس 15 دن کے لیے معطل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جیونیوز کی حساس ڈاکیومنٹری بنانے اور منظور کرنیوالے افراد برطرف،پیمرا کو آگاہ کردیا
پیمرا کے مطابق، یہ پابندی 26 جون (10 محرم) کو پروگرام میں قابلِ اعتراض مذہبی مناظر نشر کرنے پر عائد کی گئی ہے، جس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔
اس معطلی کے بعد سے جیو نیوز کی نشریات کیبل نیٹ ورکس اور سیٹلائٹ پر مکمل طور پر بند ہیں۔ نشریات معطل ہونے پر جیو نیوز کی انتظامیہ نے غیر ارادی غلطی پر عوام سے معذرت بھی کی ہے
معاملے کی مزید تحقیقات اور سفارشات کے لیے یہ معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا گیا تھاجس پر اب اسلامی نظریاتی کونسل نے حتمی رائے دیدی ہے۔




