بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کھیل کا میدان ماتم کدہ بن گیا۔ شمس آباد کراس پر جاری کرکٹ میچ کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے گراؤنڈ میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان کھلاڑی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس اچانک واقعے سے گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جسم جدا ہو سکتا ہے، پشتونوں کا وقار کبھی نہیں مرتا،شاہد آفریدی کا شاپور زدران کو خراج عقیدت
پولیس نے مقتولین کی شناخت آیوش اور ساگر کے ناموں سے کی ہے، جن کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کیخلاف مقتولین کے لواحقین اور مقامی افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کامن ویلتھ گیمز ،36رکنی دستے کا اعلان، قیادت ارشد ندیم کے سپرد
شاہراہ کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، تاہم بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی اور کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر کے شاہراہ کو دوبارہ کھول دیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




