مظفرآباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے مظفرآباد میں پاکستان ہمیشہ زندہ باد ریلی کی قیادت کی ۔ریلی کوہالہ سے شروع ہوئی اور راڑہ مظفرآباد کے مقام پر بڑے اجتماع کی شکل اختیار کر گئی۔
پاکستان ہمیشہ زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ یہ اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم اپنی قومی یکجہتی، امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:امیر مقام کی بڑی کامیابی، مرتضیٰ گیلانی چوہدری شہزاد کے حق میں دستبردار
آزاد کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں وطن پاکستان کے ساتھ اپنی محبت، وفاداری اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا۔ آپ کے جذبے نے ہمیشہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
اپنی بہادر افواجِ پاکستان اور تمام قومی سلامتی کے اداروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آزادکشمیر کو آٹا اور بجلی پر دی جانیوالی سبسڈی جاری رہیگی، کالعدم ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران مذاکرات کیلئے آئے اور پاکستان کیساتھ وفاداری کی شق ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج کوہالہ سے مظفرآباد تک پاکستان اور افواج پاکستان سے محبت کا لازوال جذبہ اور اظہار دیکھا۔کشمیریوں کے جذبے پر فخر ہے، بھارت کشمیریوں کے جذبہ کو کبھی شکست نہیں دے سکتا۔
میں خود بھارت سے جنگ کے دوران ایل او سی نیلم میں کشمیریوں کیساتھ موجود تھا، کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ہمارے آبائو اجداد نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر یہاں موجود ہوں۔ راولاکوٹ کے سپاہی مقبول کی زبان کاٹی گئی مگر اس نے پاکستان کے خلاف نعرہ نہیں لگایا اور اپنے خون سے پاکستان زندہ باد لکھا، اس عظیم جذبے کو شکست نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستان نے تیسری عالمی جنگ رکوائی یہ ایک معجزہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی: ن لیگ کو جھٹکا، درجنوں اہم شخصیات کا آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان
انہوں نے کہاکہ اپنے نوجوانوں سے خصوصی طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ آپ امید کی کرن ہیں۔ اپنی صلاحیتوں، تعلیم، محنت اور کردار کے ذریعے وطن عزیز کا نام پوری دنیا میں روشن کریں۔ نفرت نہیں، محبت کا پیغام دیں۔ تقسیم نہیں، اتحاد کی مثال بنیں۔
ریلی میں ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا ،سنیٹر سعود چوہدری ،اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر ،ایم پی اے احمد نواز ، ایم پی اے عاصم شیر، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی ، کیپٹن (ر) صفدر ،سابق وزیر نورین عارف، ثاقب مجید ودیگر نے شرکت کی۔




