سری لنکن بولر نے آخری اوور کی آخری 4گیندوں پر 4وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا

امریکا کے میجر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر داسن شناکا نے آخری اوور میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لے کراپنی ٹیم سیٹل اورکاس کو میچ جتوا دیا۔

میجر لیگ کرکٹ میں داسن شاناکا نے ایک یادگار آخری اوور میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کر کے سیئٹل اورکاس کو ٹیکساس سپر کنگز کے خلاف 9 رنز سے شاندار فتح دلوا دی۔

یہ بھی پڑھیں:15سالہ بھارتی بلے باز نے تیز ترین نصف سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ٹیکساس سپر کنگز کی ٹیم آخری اوور میں 107 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ موجود تھی۔ ڈونوون فریرا اور شبھم رنجانے سیٹ دکھائی دے رہے تھے۔

آخری اوور میں ٹیکساس سپر کنگز کو جیت کیلئے 15 رنز درکار تھے۔

ایسے میں سیٹل اورکاس کی جانب سے داسن شناکا اوور کرانے آئے اور پہلی گیند پر رنجانے نے شاناکا کو پوائنٹ کے اوپر سے باؤنڈری لگائی جس کے بعد ٹیکساس کو 5 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے پھر اگلی گیند پر سنگل اسکور بنالیکن اس کے بعد میچ نے ڈرامائی رخ اختیار کر لیا۔

شاناکا نے اوور کی تیسری گیند پر فریرا کو کلین بولڈ کیا، اگلی ہی گیند پر کیلون سیویج لانگ آن پر کیچ دے بیٹھے۔ ہیٹ ٹرک گیند پر ایڈم ملن نے بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر گیند وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔.

یہ بھی پڑھیں:حسن علی نے تاریخ رقم کر دی؛ راشد خان کا بڑا ریکارڈ توڑ کر ٹی 20 کے نئے سلطان بن گئے

میچ کا فیصلہ ہو چکا تھا مگر شاناکا نے آخری گیند پر بھی کمال کر دکھایا اور امشی ڈی سلوا کو شمرون ہیٹ مائر کے ہاتھوں شاندار کیچ آؤٹ کروا کر 4 گیندوں پر 4 وکٹیں مکمل کیں اور ٹیم کو 9 رنز سے فتح دلوادی۔

میجر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی بولر نے 4 گیندوں پر مسلسل 4 وکٹیں حاصل کی ہوں۔