کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی نوید، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

شدید گرمی اور حبس کے ستائے ہوئے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارانِ رحمت کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی اور حبس کا راج ہے جس سے شہری سخت پریشان ہیں، تاہم اب محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی نئی پیش گوئی کے بعد درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی قوی توقع کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں موسم کی صورتحال:

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے خطوں میں بادل برسنے اور تیز ہوائیں چلنے کے امکانات موجود ہیں جس سے موسم بہتر ہونے کی امید ہے۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں دن کے اوقات کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ دوپہر اور شام کے بعد تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر اور دیگر بالائی و میدانی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بعض مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے شدید گرمی کی شدت میں واضح کمی آنے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کہاں کہاں بارش ہوگی؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا، الرٹ بھی جاری

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی:

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں عام طور پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم صوبے کے مختلف علاقوں جن میں دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم اور اورکزئی شامل ہیں، میں دوپہر کے بعد تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرمی اور حبس کی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شام کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں۔

سندھ اور بلوچستان کی موسمی صورتحال:

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور حبس والا رہے گا، جبکہ صوبے کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید گرمی برقرار رہے گی، تاہم شام اور رات کے وقت خضدار اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: مظفرآباد اور مضافات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا آغاز، شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا

رپورٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس میں سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں 16 ملی میٹر جبکہ پاراچنار میں 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

آندھی اور آسمانی بجلی کا الرٹ اور نقصانات کا خدشہ:

محکمہ موسمیات نے اپنے جاری کردہ الرٹ میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، کچی چھتوں، درختوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے تمام شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس کے ساتھ ہی خراب موسم کے دوران شہریوں کو غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے۔