ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ازبکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کے دوران کہا کہ امریکا کو تجارت کے معاملے میں موجودہ حقائق کو تسلیم کرنا ہوگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا کی ایران کے خلاف جنگ کے بعد حقائق بدل چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ایران کی محبت باہمی،پیار نہ ہوتا تو پاکستان کی ثالثی قبول نہ کرتے،اسماعیل بقائی
حالات ماضی کے مقابلے میں بہتر ہوئے ہیں اور جنگ کے بعد کی پیش رفت نے امریکوں کو موجودہ حقیقتیں قبول کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ماحول میں تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے اور ہمیں امید ہے کہ پابندیاں اٹھانے کی بنیاد بھی تیار ہو جائے گی۔
سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں ایران اور عمان کے مشترکہ انتظام اور خطے میں امریکی شرارتوں میں کمی کے ساتھ، ٹرانزٹ تعاون کی ترقی کے لیے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔
ادھر فرانس نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے مائن ہنٹرز (بارودی سرنگیں تلاش کرنے والے بحری جہاز) تعینات کر دیے۔
ایکس پر جاری بیان میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس کے مائن ہنٹرز “شراکت داروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی اور جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا مذاکرات میں پیشرفت کے بعد تیل قیمتوں میں مزید کمی
انہوں نے بتایا کہ عمانی حکام سے مشاورت کے بعد طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈیگال کو بندرگاہ واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم بارودی سرنگوں سے نمٹنے کے فرانسیسی اثاثے اور ان کا حفاظتی دستہ علاقے میں تعینات اور کسی بھی کارروائی کے لیے تیار رہے گا۔
واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ماہ کے آخر میں آبنائے ہرمز میں فرانسیسی شمولیت کو مسترد کر دیا تھا، جب صدر میکرون نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔




